ویب ڈیسک :پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سابق مئیر گجرات طاہر مانڈہ نے ن لیگی کونسلرز اور عہدیداروں سمیت ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا اس سلسلہ میں پاکستان ق لیگ ہاؤس لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی میں شمولیت کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے نئے ساتھیوں کو پاکستان ق لیگ میں خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ان ساتھیوں کی شمولیت سے گجرات میں ہماری پارٹی مذید مضبوط ہو گی ،طاہر منڈا کی گجرات کے لیے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں،مجھے امید ہے وہ ان کے ساتھی اور ہم سب ملکر گجرات کی عوام کی خدمت کیلئے دن رات محنت کریں گے۔
چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ الیکشن نہیں ہونگے لیکن ہم کو ہر وقت الیکشن کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ میں 2008میں الیکشن لڑنا چاہتا تھا لیکن خاندان کے اندر سے کچھ افراد نے مخالفت کی لیکن اب انشاءاللہ چوہدری سالک ایم این اے کا اور میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں بھرپور حصہ لونگا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ میں نے اپنے والد چوہدری شجاعت حسین سے یہی سیکھا ہے کہ عوامی خدمت کی سیاست کرنی ہے اور جو دوست مشکل وقت میں ساتھ چلتے رہے ان کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلا جائے گا۔
عاشی صورتحال پر چوہدری شافع حسین کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر عارضی طور پر نیچے جا رہا ہے ہم جب تک آئی ایم ایف سے جان نہیں چھڑا لیتے ہم معاشی طور پر مستحکم نہیں ہو سکتے۔ آخر میں چوہدری شافع حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی