ویب ڈیسک: مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگیا، کورونا وائرس کے بعد پہلی بار10لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیرملکی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے تمام عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔ 45 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ منتقل کردیاگیاہے ۔عازمین حج کے بقیہ ایام مکہ مکرمہ میں گزاریں گے، دوران حج مسجد الحرام کو دن میں 10 بار دھویا جائے گا اور ہربار1لاکھ 30 ہزار لیٹر جراثیم کش محلول بھی استعمال کیاجائے گا۔
حج سکیورٹی فورس نے کہاہے کہ حج کے لیے امن و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) اور حج مقامات کی طرف جانے والی شاہراہوں پرامن و امان کو برقرار رکھنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
وزیر مذہبی امورمفتی عبد الشکور نے بھی پاکستان حج مشن کو ہدایت کی ہے کہ منی، مزدلفہ اورعرفات میں حجاج کرام کو حتی الامکان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔