ملکی سیاسی قیادت کی 24 نیوز کی بندش پر شدید الفاظ  میں مذمت

ملکی سیاسی قیادت کی 24 نیوز کی بندش پر شدید الفاظ  میں مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملکی سیاسی قیادت نے 24 نیوز کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اپوزیشن رہنماوں کا کہنا ہے کہ حکومت پیمرا کو آلہ کار بنا کر حق اور سچ  کی آواز دبانا چاہتی ہے، 24 نیوز کے ورکرز کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ 24 نیوزکی بندش کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراداد بھی جمع کرادی گئی۔

 ملک کی سیاسی قیادت نے 24 نیوز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور 24 نیوزکی بندش کا  پیمرا کا فیصلہ مسترد کر دیا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 24نیوز کی بندش کے حکومتی فیصلے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیدیا، اور کہا کہ چینل مالکان پر نام نہاد مثبت رپورٹنگ کا دباؤ ڈالا جارہا ہے، کٹھ پتلی حکومت اختلاف کرنے والوں کی آواز کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر  میاں شہبازشریف نے 24 نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادانہ تقریراور میڈیا کی آزادی جمہوریت کے راستے بنارہی ہے، بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت میں میڈیا کی آزادی آہستہ آہستہ ختم ہوتی جا رہی ہے، اس بار ناراضگی کا شکار 24 نیوز بنا جسے اپنی آزاد ادارتی پالیسی کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر لیگی رہنماوں نے بھی ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس معطل ہونے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت فاشسٹ ایجنڈے پرچل رہی ہے، 24نیوز کو سچ دکھانے کی سزادی جارہی ہے۔  پیپلزپارٹی کے رہنماوں سعید غنی اور عبدالقادر پٹیل نے ٹوئنٹی فور نیوز کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 24 نیوز کی بندش آمرانہ اقدام  ہے۔

ڈپٹی مئیر اسلام آباد ذیشان نقوی نے 24 نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو صحافت  پر حملہ قرار دیا ہے، دوسری جانب ن لیگ نے24 نیوز کی بندش کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراداد بھی جمع کرا دی ہے۔      

 

 

 

Shazia Bashir

Content Writer