سعید احمد: وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز کی دو بند ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بابو مسافر ٹرین اور ساندل ایکسپریس کو دو ہفتوں بعد دوبارہ آپریشنل کر دیا جائے گا۔
وزیرِ ریلوے کے مطابق لاہور سے لالہ موسیٰ جانے والی بابو مسافر ٹرین 20 اگست سے بحال کر دی جائے گی، جبکہ ملتان سے براستہ جھنگ، سرگودھا جانے والی ساندل ایکسپریس 21 اگست سے دوبارہ چلائی جائے گی۔
حکام کے مطابق دونوں ٹرینیں کورونا وبا کے باعث بند کر دی گئی تھیں، تاہم مسافروں کے پرزور مطالبے اور پاکستان ریلویز کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ریلوے کی ترجیح ہے، رواں سال مزید ٹرینیں بھی بحال کی جائیں گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔