(سٹی42)انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہفتے اور اتوار بند رکھی جائے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ مال بردار، ادویات اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی ترسیل کو استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ فیصلے کا اطلاق 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہو گا۔این سی او سی کے مطابق ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فعال رہیں گی۔
دوسری جانب لاہور میں بغیر ماسک گھومنے پر 525 افراد کے خلاف مقدمات درج جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 548 مقدمات درج کئے گئے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے ، پولیس، ضلعی حکومت اور محکمہ ہیلتھ کی مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
ادھرگاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی ماسک کی شرط لازم ،پانچ روز میں 48 ہزار گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کئے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 292 گاڑیاں بھی بند کی گئیں۔ سی ٹی او سید حماد عابد نے کہا کہ انسانی جان اہم ہے ، تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
واضح رہے کورونا کی تیسری لہرمیں تیزی کے پیش نظر انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد مسافروں کو بٹھانے کے احکامات مگر حکومت کے زیر انتظام چلنے والے لاری اڈے، سٹی ٹرمینل پر ایس او پیز کی اور 50 فیصد مسافروں کو بٹھانے کی پالیسی کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
لاری اڈا سمیت سی کلاس ٹرانسپورٹرز اور بس اڈوں پر بسیں بھرنے اورر اوور لوڈنگ کر کے دیگر شہروں کو روانہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، جسے روکنے کے لئےکوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا سکے ، مسافر بغیر ماسک اور سماجی فاصلے کے بسوں میں سوار ہونے لگے۔
کارروائیوں اور جرمانوں کے پیش نظر ڈی کلاس و پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز نے اپنے بس اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا شروع کر دیا اور 50 فیصد مسافروں کےساتھ دیگر شہروں کو بسیں بھیجا شروع کر دیں۔ڈی کلاس و پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز بس اڈؤں سکائیویز ، فیصل موورز ، رہبر ٹرانسپورٹ سمیت دیگر کی جانب سے ڈس انفیکشن ٹنل نصب ، ماسک ، سینٹائزر ، ٹمپریچر گن اور 50 فیصد مسافر بٹھانے کی پالیسی پر عملدرآمد کیاجارہا ہے۔