پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ)   پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی، کم سٹاف اور حفاظتی انتظامات کے ساتھ بڑی صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے  کیسز کے پیش  نظر پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی جبکہ تعلیمی ادارے بدستور 31 مئی تک بند رہیں گے، آج لاہور میں لاک ڈاؤن کا  12 واں روز ہے، تمام  مارکیٹیں، شاپنگ مالز، سینما گھر، شادی ہالز  بند ہیں، لاہور میں 150 مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں  گاڑی و موٹرسائیکل مالکان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے والوں کو وارننگ دے کر گھر واپس بھیجا جارہا ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہورہا ہے  ۔

پنجاب حکومت نےدیہاڑی دارمزدوروں کی مشکلات کے پیش نظر بڑی صنعتوں کے یونٹس کھولنے کی اجازت دے دی ہے ، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکسٹائل، سپورٹس گڈز ،  سرجیکل اور طبی آلات بنانے والی صنعتیں محدود ملازمین اور حفاظتی انتظامات کے ساتھ کام شروع کر سکتی ہیں، لیدر ،سرجیکل ، آٹو پارٹس، فروٹ ، سبزی اور گوشت یونٹ بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔

ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل کے 36، سپورٹس 10، سرجیکل 7 یونٹ کھولے جائیں گے، آٹو پارٹس کے 3، فارماسوٹیکل 25 جبکہ فروٹ اور سبزیوں کے 7 یونٹس بھی کھولے جائیں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والاکورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد  2583تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 40 افراد  موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 1069 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 11 اموات ہوئی ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer