(جنیدریاض)ماہ صیام میں باران رحمت ایک بار پھربرس پڑی۔صبح کے وقت بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی طور پر آبر آلود رہےگا ،جس کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ابررحمت ایک بار پھر برس پڑی۔ صبح ہوتے ہی باغوں کے شہر لاہور کو بادلوں نے اپنی آغوش میں لے لیا، سورج چھٹی پر چلا گیا، ہلکی بارش نے لاہور کا موسم سہانا بنا دیا، موسم کے بدلتے تیور اور رنگین نظاروں نے فضا کی دلکشی میں بھی اضافہ کردیا، جہاں رنگ برنگے پھولوں کی خوشبو نے ماحول کو تروتازہ کیا، وہیں بادلوں اور بارش کے تڑکے نے شہریوں کے مزاج کو بھی رنگین بنا دیا، ہلکی بارش سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
لاہور میں صبح کے وقت ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج شہر کا موسم جزوی طور پر آبر آلود رہنے کی وجہ سے مزید بارش کی نوید سنادی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تھا جو شام کے اوقات میں 38 فیصد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز شہر کا موسم جزوی طور پر آبرآلود رہے گا ۔
دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے، شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔