علی رامے: پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کا حساس ڈیٹا سسٹم عمارت کے باہر پاور کیبلز میں آگ لگنے کے باعث 48 گھنٹے تک بند رہا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق چند روز قبل شارٹ سرکٹ کے باعث پاور کیبلز میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے بعد سٹینڈرڈ سیفٹی پروٹوکول کے تحت حساس سسٹمز کو فوری طور پر شٹ ڈاؤن کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک سائنس اتھارٹی کی ٹیموں اور ریسکیو اہلکاروں نے چند ہی منٹوں میں آگ پر قابو پا لیا تھا۔ آتشزدگی کا واقعہ مرکزی عمارت کے باہر پیش آیا، جس کے باعث عمارت، لیبارٹریوں، مشینری، عملے اور ریکارڈ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق حفاظتی پروٹوکول کے تحت حساس سسٹمز کو 48 گھنٹے کے لیے بند رکھا گیا، جبکہ ضروری تکنیکی جانچ مکمل ہونے کے بعد آج سسٹمز کو دوبارہ فعال کر دیا جائے گا۔