شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی، عید کب ہوگی؟ رویت ہلال نے پیشگوئی کردی

شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی، عید کب ہوگی؟ رویت ہلال نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی ہے لیکن پاکستان میں آج چاند  دوربین کی مدد سے بھی دکھائی نہیں دے گا۔ 

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ نئے چاند کی رویت اس وقت ہوتی ہے جب اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت 19 گھنٹے سے زائد اور غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زائد ہوجائے، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ  اتوار آج یکم مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، اس روز چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، پاکستان میں یکم مئی کو شوال کا چاند دوربین کی مدد سے بھی دکھائی نہیں دے سکتاجبکہ اگلے روز یعنی 2 مئی بروز منگل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 41 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی، اس لیے اس شام شوال کا چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔

 دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت آج یکم مئی بروز اتوار کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  چند روز قبل ماہرین فلکیات نے بھی شوال کا چاند 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 1 بج کر 28 منٹ پر پیدا ہونے کی پیشگوئی  کرتے ہوئے کہا تھاکہ  پاکستان میں عید الفطر کا چاند 2 مئی بروز پیر کو نظر آئے گا، عید الفطر منگل کو منائی جائے گی ۔