(عرفان ملک) خصوصی افراد کو ڈرائیونگ لا ئسنس کے اجراء کے معاملے میں پیش رفت، ٹریفک پولیس نے لائسنس کیلئے سفارشات حکومت کوبھجوا دیں۔
تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کی جانب سے مال روڈ فیصل چوک میں احتجاج کیا گیا جس میں ان کا مطالبہ تھا کہ ٹریفک پولیس انہیں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرے تا کہ وہ ذمہ دار شہریوں کی طرح ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلا سکیں۔ مظاہرے کے بعد وزیر اعلٰی پنجاب سیکرٹریٹ کی جانب سے لاہور پولیس سے اسکی سفارشات طلب کر رکھی تھیں۔
سی ٹی او ملک لیاقت نے ڈرائیونگ لائسنس کے بارے میں اپنی سفارشات وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو بھجوا دی ہیں جس کے مطابق موٹر وہیکل قانون میں ترمیم کے بعد قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں گے۔ لاہور پولیس نے اپنی سفارشات میں بتایا کہ یورپ سمیت دیگرترقی یافتہ ممالک میں ایسے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس بنا کر دیئے جاتے ہیں، تاہم کم سننے والے افراد اگر الیکٹرونک ڈیوائسز لگا کر ڈرائیونگ کریں تو یہ ممکن ہے۔
لاہور پولیس کی سفارشات کے بعد اب قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد نے وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ پر نظریں جما لی ہیں اور وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی قانون میں ترمیم پر نظر ثانی کرے گی۔