سٹی42: دُکی میں معراج کول کمپنی کے ایریا میں طوفانی بارش کی وجہ سے کوئلہ کی کان سے ملحق ایک کمرے کی چھت گر گئی ۔چھت گرنے سے پانچ مزدور تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
دکی پولیس نے بتایا ہے کہ حادثہ میں مرنے والے مزدوروں کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کی جارہی ہیں۔
دکی کے علاقے میں معراج کول کمپنی میں طوفانی بارش کی وجہ سے مزدروں کے کمرے کی چھت گرنے کے واقعہ کے حوالے سے پولیس کے ایس ایچ او محمد شریف موسی خیل نے بتایا کہ مرنے والوں میں عنایت اللہ ولد موسی جان قوم مہترزئی کاکڑ ساکن مسلم باغ ،ابراہیم ولد سراج الدین قوم عبداللہ زئی ساکن ژوب،ولی محمد ولد عبداللہ جان قوم موسیٰ خیل ساکن موسیٰ خیل، ظفر اللہ ولد میجر قوم موسیٰ خیل ساکن موسیٰ خیل اور صدالردین ولد ناصر قوم موسی خیل ساکن موسیٰ خیل شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تین کا تعلق موسی خیل سے ہے ۔تمام نعشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر جوہر خان شادوزئی کے مطابق کمرے کی چھت گرنے کا حادثہ آج صبح پیش آیا۔ بارش کی وجہ سے دیگر مزدروں کو بروقت واقعہ کا علم نہیں ہوسکا۔