ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان 4 کیسز میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں 4 مختلف کیسز کی سماعت ہوگی اور سابق وزیر اعظم انسداد دہشت گردی، بینکنگ کورٹ سمیت سیشن کورٹ کے 2 کیسز میں پیش ہوں گے۔
عمران خان بذریعہ موٹر وے شہرِ اقتدار اسلام آباد پہنچیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید چیمہ و دیگر رہنما اور کارکنان قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے، ان کے ساتھ انکی ذاتی سکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم کا راولپنڈی اور اسلام آباد میں استقبال کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، عمران خان بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد لاہور واپس آئیں گے، لاہور واپس آکر زمان پارک میں ہی رہیں گے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکوں کو خار دار تار لگا کر بلاک کیا گیا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔