( جنید ریاض ) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا پچھلی کئی دہائیوں سے وقتاً فوقتاً ملک کو لُوٹنے والے آج ملک میں غربت اور افلاس کا برائے نام رونا رو رہے ہیں، پی ڈی ایم کی ساری قیادت جھوٹی اور مطلب پرست سیاستدانوں پر مشتمل ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے منعقدہ جلسوں میں لوگ قیمے والے نان کھانے آتے ہیں، اپوزیشن جتنے بھی جلسے جلوس کرلے احتساب سے نہیں بچ سکتی۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ اپوزیشن نے گوجرانوالہ جلسے کو کروڑوں روپے خرچ کرکے جلسہ کامیاب بنانے کی ناکام کوشش کی۔ پچھلی کئی دہائیوں سے وقتاً فوقتاً ملک کو لُوٹنے والے آج ملک میں غربت اور افلاس کا برائے نام رونا رو رہے ہیں۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ایک اشتہاری مجرم برطانیہ میں بیٹھا ملکی اداروں کے وقار اور سالمیت پر بے جا انگلیاں اٹھا رہا ہے، قانون کا سامنا کرنے کی بجائے بیماری کے بہانے بناکر ملک سے بھاگنے والے آج جہموریت کی بالادستی کا درس دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی ساری قیادت جھوٹی اور مطلب پرست سیاستدانوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے پہلے سیاسی جماعتیں باری باری ملک کو لوٹنے کی سیاست میں یقین رکھتی تھیں، 2018 کے انتخابات کو جعلی کہنے والے پاکستان کے غیور عوام کی توہین کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف میں اگر ذرا سی بھی شرم باقی ہے تو پہلے ملک واپس آ کر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کریں، ملک کے ہاتھ میں کشکول تھمانے والے آج قومی خوشحالی اوراقتصادی ترقی کی بات کرتے ہیں۔