جنید ریاض : پنجاب بھر کے تین لاکھ اساتذہ اور انتظامی پوسٹوں پر تعینات ہزاروں افسران کے الائونس بڑھانے کا فیصلہ، سمری منظوری کیلئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو بھجوا دی گئی.
پرائمری ہیڈ ٹیچرالائونس 500 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار، مڈل ہیڈ ٹیچر کا الائونس 700 روپے سے بڑھا کر 15 ہزار کرنےکافیصلہ کیاگیاہے۔ ہائی سکول ہیڈ ٹیچر کا الائونس 1200 روپے سے بڑھا کر 30 ہزار اور ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپلز اور ڈی ای اوز کا الائونس 1500 روپے سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔
سی ای او ایجوکیشن اور ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر کو ماہانہ 50 ہزار روپے الائونس دیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈی پی آئی سیکنڈری اور ایلیمنٹری کا ماہانہ الائونس 60 ہزار کردیا جائے گا۔ ڈی پی آئی سیکنڈری و ایلیمنٹری پنجاب کو ماہانہ 80 ہزار روپے الائونس ملا کرے گا۔ الائونس بڑھانے کی سمری ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن سیکنڈری نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو بھجوا دی ہے۔ محکمہ تعلیم کےمطابق الائونس بڑھانے کے فیصلے کا مقصد اساتذہ کی کارکردگی کو مزید موثر بنانا ہے۔