(سٹی 42)حکومت پنجاب نے صوبے میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سپیشل کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چودھری محمد سرور کی زیر صدار ت اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ویڈ یو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی ا جازت پر غور کیا گیا، وائس چیئر مین اوورسیز کمیشن پنجاب وسیم رامے نے اوورسیزکودرپیش مسائل انکے حل سے متعلق اقدامات سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کیلئے پنجاب میں سپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کے فیصلوں کے لیے وقت کی حد مقرر کی جائے گی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے۔
چودھری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ظلم اور نا انصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
گورنر پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری ،وائس چیئر مین اوورسیز کمیشن پنجاب وسیم اختر رامے ،سیکرٹری قانون بہاد رعلی خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز گورنر پنجاب نے بزنس کمیونٹی کو انصاف کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے 5 اضلاع میں کمرشل کورٹس کے قیام کا آرڈنینس جاری کیا تھا، آرڈیننس کے مطابق کمرشل کورٹس میں ملزم کے پیش نہ ہونے پر 2 تاریخوں کے بعد کیس کا فیصلہ کر دیا جائے گا جبکہ دیگر عدالتوں میں زیر سماعت کمرشل کیسز نئی کمرشل کورٹس میں منتقل کر دیئے جائیں گے۔