سٹی42: اس مرتبہ مون سون کی بارشوں نے عوام کو بہت ستایا، عوام اب مون سون کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ایسے میں یہ خبر آ گئی ہے کہ پاکستان میں مون سون کب ختم ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3روز مون سون جاری رہے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بتایا کہ ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ زیادہ ہے البتہ انہوں نے بتایا کہ ستلج، راوی اور چناب میں صورت حال قابو میں ہے۔
سیلاب کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ ستلج، راوی اور چناب کے علاقوں میں صورت حال کنٹرول میں ہے جبکہ ملک بھر میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، سندھ میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، امدادی سرگرمیوں میں مصروف فلاحی اداروں کے مشکور ہیں۔وفاقی وزیر مصدق ملک بھی اس بریفنگ میں جنرل انعام حیدر کے ساتھ موجود تھے۔