ملک اشرف: مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ، پولٹری فیڈ کی قیمت میں اضافے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مسرور خان ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی، درخواست میں پنجاب حکومت، سیکرٹری انڈسٹریز ، سیکرٹری لائیوسٹاک سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا گیا کہ پولٹری فیڈ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔50کلوگرام بیک پر275 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، 50 کلوگرام فیڈ کی قیمت 5500 سے 5800 تک ہوگئی ہے.
قیمتوں کے تعین کیلئے کیس ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے، فیکٹری مالکان پچاس کلو فیڈ کی قیمت 5300 روپے سے زائد مقرر نہیں کر سکتے، ہائیکورٹ کے حکم پر فیڈ کی قیمتوں کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں درخواستگزاربھی شامل ہے، فیڈ کی قیمت بڑھاتے وقت درخواستگزارکوبھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، فیڈ کی قیمتوں میں اضافے سے مرغی اورگوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت قیمتوں میں اضافے کا اقدام کالعدم قرار دے۔ اور حتمی فیصلے تک فیڈ کی قیمتوں میں اضافے پر عملدرآمد روکا جائے۔