مال روڈ (علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، فواد چودھری، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر اور مشیر وزیراعظم شہزاد اکبر نے ملاقات کی، ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری سکیموں، ترقیاتی منصوبوں اور ان پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور دیہات کی یکساں ترقی کیلئے پائیدار عملی اقدامات کیے گئے ہیں، کوئی بھی شہر یا قصبہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا، اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رواں مالی سال 1394 زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، پنجاب میں کورونا صورتحال کے پیش نظر 56 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس ریلیف دیا گیا، صوبے میں سخت مالی ڈسپلن پر کار بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں بھی ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، پنجاب اسمبلی کے ارکان کی طرح ارکان قومی اسمبلی بھی میرے ساتھی ہیں۔
وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر مربوط انداز میں کام کریں گے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے پنجاب اور وفاق قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے لوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزراء کی تجاویز اور سفارشات پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری ودیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
علاوہ ازیں ارکان اسمبلی نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، اس موقع پرعثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ احتجاجی سیاست کرنے والے اپنے دور میں کی گئی کرپشن اور لوٹ مارسے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، ذاتی مفاد کا قومی مفادات پر غالب آنا افسوسناک ہے، آج منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کو فراموش کیے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کس مقصد کیلئے اکٹھی ہوئی، اپوزیشن رہنماؤں کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، احتساب ہمارا قومی مشن ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملاقات کرنیوالوں میں خیال احمد کاسترو، عمر فاروق، شہباز احمد، نذیر احمد چوہان اور ملک تیمور شامل تھے۔