ویب ڈیسک:لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرک رکن راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کے خاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور راجہ ریاض سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
ہائئکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے مقامی شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جس میں راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے راجہ ریاض کی تعیناتی کے معاملہ کا جائزہ لینے کےلئے درخواستیں سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائی تھیں، سپیکر نے درخواستیں مسترد کر دیں۔
وکیل نے کہا کہ راجہ ریاض کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے، پی ٹی آئی نے کسی بھی ممبر کو بطور اپوزیشن لیڈر نامزد نہیں کیا، ان کی تعیناتی آئین کی خلاف ورزی ہے، تعیناتی کالعدم قرار دی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور راجہ ریاض کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔