(علی اکبر) قطار، تاخیر نہ انتظار، گاڑیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کا نیا فارمولا، ٹرانسفر آرڈر کی بجائے بائیو میٹرک تصدیق سے رجسٹریشن کا فیصلہ، وزیر اعلیٰ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نئے سسٹم کی منظوری دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، ایم ڈی پیپرا، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ایکسائز،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی، جس کے تحت ٹرانسفر آرڈرفارم کی بجائے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن ہوسکے گی جبکہ پنجاب موٹر وہیکلز رولز1969میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کومحکمہ ایکسائز وٹیکسیشن کےدفاترکےچکرلگانےسےنجات ملےگی، گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں، شہری نادرا اور ایکسائز دفاتر میں بائیو میٹرک تصدیق سے رجسٹریشن کراسکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن کرانے میں مزید آسانیاں دینے کیلئے گھر میں موبائل فون کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے عمل کا جائزہ لیا جائے،اس ضمن میں جامع پلان تیار کر کے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کےاجراکےعمل کومزید تیز کیا جائے، نمبر پلیٹس نہ ملنے سےمشکلات کاسامنا ہے،مسئلہ جلد حل کرنا چاہتا ہوں، نمبرپلیٹس کے اجرامیں بہت تاخیر ہوچکی،اب کوئی گنجائش نہیں۔