(شاہد ندیم)کورونا وائرس کے دوران عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے لئے شرعی فتویٰجاری کر دیا گیا، مسجد میں ایک سے زائد مرتبہ عید کی نماز کے اجتماع ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو کو روکنے کے لئے مساجد آنے والے نمازیوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے، کورونا وائرس کے دوران عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی پر شرعی فتویٰ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مسجد اور عید گاہ میں نماز عیدالفطر کے اجتماعات ایک سے زائد مرتبہ ہو سکیں گے۔ شرعی فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ دوسری مرتبہ نماز عید کی ادائیگی کے لئے امام اور مقتدی کا تبدیل ہونا ضروری ہوگا،شرعی فتویٰ کے تحت ایک ہی مقام پر عیدالفطر کی نماز دوبارہ ہو سکے گی۔
مفتیان نے شرعی فتویٰ میں واضح کیا ہے کہ عیدالفطر کی نماز واجب ہے،نماز عیدالفطر کے دوران حکومتی احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنایا جائیگا، اس سے زیادہ سے زیادہ لوگ نماز عید ادا کر سکیں گے، فتویٰ خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، جامعہ نعیمیہ سے مفتی عمران حنفی، جامعہ اشرفیہ سے مفتی زکریا اور مفتی اسحاق ساقی نے فتویٰ جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے عید الفطر پر 6 روز کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کیا، نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں جمعہ 22 مئی سے جمعرات 27 مئی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ عید کی چھٹیوں کے دوران تفریحی پارکس اور سینما ہالز بند رکھے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کے مطابق عید کی چھٹیوں کے حوالے سے وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کو فالو کیا گیا، چیف سیکرٹری کی منظوری کے بعد عید کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کاماہ شوال کے چاند کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہناتھا کہ 1441 ہجری شوال کا چاند 22 مئی 10 بج کر 40 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہو گا، 29 رمضان یعنی 23 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، 30 رمضان 24 مئی کو چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔