(ملک اشرف) ای سی ایل میں نام شامل اور خارج کرنے کی پالیسی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا کہ وفاقی حکومت کی منظوری سے نام شامل اور خارج کرنا بلا جواز ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مقامی شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے ای سی ایل میں نام ڈالنے اور نکالنے کی پالیسی کو چیلنج کردیا، درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے نشاندہی کی گئی ہے کہ ای سی ایل میں نام شامل اور خارج کرنے کیلئے وفاقی کابینہ کی منظوری لی جاتی ہے۔
درخواست گزار نے نکتہ اٹھایا کہ ای سی ایل میں نام شامل اور خارج کرنے کا کام وزارت داخلہ کا ہے لیکن وزارت داخلہ کا اس معاملے میں کردار محدود ہوگیا. عدالتی احکامات کے باوجود بھی ای سی ایل میں نام شامل کرنے کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جاتی ہے جو عدالتی احکامات میں مداخلت کے مترادف ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیاسی بنیادوں پر ای سی ایل میں نام شامل اور خارج کرنے کی پالیسی کو کالعدم قرار دیا جائے۔