( قیصر کھوکھر ) بیوروکریسی میں گریڈ بائیس اور اکیس کے افسران کی من مانیاں، اعلی افسران نچلے گریڈ کی سیٹوں پر بھی قابض جبکہ پنجاب حکومت نے کم گریڈ کے افسران کا استحصال روکنے کی تیاریاں شروع کردیں۔
بیوروکریسی کے مسائل میں کمی نہ آ سکی ایک طرف افسران کے تبادلوں کا سلسلہ جاری جبکہ دوسری جانب گریڈ بایئس اور گریڈ اکیس کےافسران اپنے سے کم گریڈ کے افسران کا استحصال کرنےلگے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شوکت علی گریڈ بائیس کےافسر مگر گریڈ اکیس کی سیٹ پر قابض ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ گریڈ بائیس کے افسر اور گریڈ اکیس کی سیٹ پر براجمان ہیں۔
پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر ڈاکٹر راشد منصور گریڈ اکیس کے افسر اور گریڈ بیس کی سیٹ پر قابض، سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل گریڈ اکیس کے افسر، سیکرٹری فوڈ اسد رحمن گیلانی، سیکرٹری ہاوُسنگ ندیم الرحمن اور سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر گریڈ انیس کے افسر ہیں جو گریڈ بیس پر براجمان ہیں۔
اسی طرح سیکرٹری محتسب اعجاز احمد، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن جاوید اقبال بخاری اور سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ عنبرین رضا گریڈ اکیس کی افسر جبکہ گریڈ بیس کی سیٹ پر قابض ہیں۔ سینئر افسران کے اس رویے سے جونیئر افسران کو مسائل کا سامنا ہے۔