( علی ساہی ) دوسال بعد پنجاب پولیس کی وردی کی خریداری کی حتمی اجازت دے دی گئی، کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کمپنی کی فراہم کردہ سیمپلز کی ٹیکنیکل کیمیٹی نے منظوری دے دی۔ رواں مالی سال کے اختتام تک پنجاب پولیس کو 2 لاکھ 75 ہزار وردیاں فراہم کی جائیں گی۔
لاہور سمیت پنجاب پولیس کے افسران واہلکاروں کی سنی گئی ہے۔ 2 سال بعد یونیفارم کی خریداری کیلئے حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب پولیس کی 2 لاکھ 75 ہزار یونیفارم کی تیاری کیلئے ارشد برادرز کمپنی کی جانب سے دئے گئے سیمپلزمنظور کرلئے گئے ہیں۔ وردی کے لئے کپڑا، رنگ اور مضبوطی کی لیب رپورٹ نے سیمپلز کی منظوری دیدی ہے۔
ٹیکنیکل کمیٹی نے لیب رپورٹ کے بعد یونیفارم تیاری کا حکم دے دیا ہے۔ اس سے پہلے ایک دفعہ سیمپلز کو معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے مسترد کردیا تھا۔ رواں سال پنجاب پولیس کی یونیفارم کیلئے 55 کروڑکے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ کنٹریکٹ کے مطابق ملازمین کیلئے ایک یونیفارم 2 ہزار 15 روپے میں پڑے گا۔
آئی جی پنجاب نے جون تک یونیفارم کی سپلائی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ابتدائی طور پر زیادہ نفری والے اضلاع میں یونیفارم دی جائے گی جبکہ ایک اہلکار کو 2 یونیفارمز دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سی پی او آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یونیفارم کی تبدیلی کی منظوری دی تھی۔
عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعال وقت کا تقاضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ٹریننگ سینٹرز پر کام کا آغاز آئندہ مالی سال سے ہوگا۔