(سٹی 42) کورونا وبا کے غیرمعمولی پھیلاؤ پرسمارٹ لاک ڈاؤن، ضلعی انتظامیہ نے شدید متاثرہ پوش ایریاز سمیت دیگر علاقوں کی حتمی فہرست جاری کردی، رام نگر کی مخصوص گلیاں، ملحقہ چودھری بلڈنگ، بلال پارک، اقراسکول سٹریٹ، عثمانیہ کالونی، رائل پارک، قلعہ گجرسنگھ اور عبدالکریم روڈ کو رات 12 بجے 15 روز کیلئے سیل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا کے بڑھتے وار پر کریم پارک بلاک 2 سے 4، امین پارک کی ایک نمبر گلی، تاجپورہ کی گلی نمبر4،محلہ گول باغ، شادباغ، نین سکھ کی گلی نمبر 4کو لاک ڈاؤن کیا جائےگا،بارہ دری روڈ، راوی کلفٹن، شاہدرہ، حمیدپارک، بادامی باغ، ملک پارک،سراج پورہ، داروغہ والا،بلال کالونی،جلوموڑ،دھوبی محلہ کے مخصوص علاقے بھی ٹینٹ اور قناطیں لگا کر بند کردیئے جائیں گے۔
شہر کے پوش علاقے بھی وبا کے پھیلاؤ کا شکار ہیں. جوہرٹاؤن کے بی بلاک، ایف ٹوبلاک، جے ٹو ،جی تھری بلاک کینال ویوسوسائٹی کے بی بلاک میں بھی15 روز کیلئے آمدروفت سختی سے معطل رہے گی، واپڈاٹاؤن کے مخصوص بلاکس، گلبرگ اے تھری، بی ٹو، بی تھری اوربی ون بلاک بھی سیل ہوں گے، جاری احکامات کے مطابق ڈی ایچ اے فیزون کےتمام سیکٹرز،عسکری ٹین کا پورا علاقہ بھی سیل ہوگا، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے پولیس کے 3 ہزار افسران اور اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزشہر کے نو علاقے سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ سیل شدہ علاقوں سے باہر اندر جانے کی اجازت نہیں ہو گی، پورے علاقوں کے بجائے مخصوص گلیاں سیل کی جائیں گی۔سیل شدہ علاقوں سے کسی کو غیر ضروری باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم ادویات یا اپنے گھریلو اشیا لینے کیلئےجانےکی اجازت ہو گی۔