( ویب ڈیسک ) بھارت میں کورونا نے قیامت مچا رکھی ہے،اموات کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ،کورونا کا مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش چار دن تک پڑی سڑتی رہی، پولیس نے دروازہ توڑ کر لاش نکالی۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں کورونا کے مریض نے گھر میں ہی تڑپ کر جان دے دی، مقامی سوسائٹی میں رہائش پذیر ایک شخص کی لاش فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ متوفی گزشتہ کئی روز سے کورونا وائرس سے متاثر تھا اورکورونا ٹیسٹ رپورٹ کے مثبت آنے کے بعد وہ اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں تھا، اسی دوران چار روز قبل اس کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی اپنے گھر میں اکیلا رہتا تھا، جس کے باعث اس کی موت کے بارے میں کسی کو علم نہیں ہوسکا۔
چار روز تک کورئیر نہ لینے پر پڑوسیوں کو شک ہوا جس کے بعد اس کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو اس کی لاش پائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ 45 سالہ سبھاش کے اپنی اہلیہ کے ساتھ ناچاقی تھی جس کی وجہ سے وہ الگ رہتے تھے، ان کی موت کی اطلاع ان کی اہلیہ کو دی گئی۔ اس حوالے سے سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈز سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ سبھاش شرما پچھلے چار دنوں سے نظر نہیں آئے تھے اور فون بھی نہیں اٹھا رہے تھے۔