(سٹی42) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی ملک گیر کامیاب ہڑتال نے حکومت کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
منصورہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی وجہ سےآج عوام کو سانس لینا دو بھر ہو چکا ہے، وزیر اعظم نے صرف ایک وعدہ پورا کردیا ہے کہ میں پورے پاکستان کو بند کردوں گا، حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کی آواز سنے اور تاجروں کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں، ملک کی 70 سالہ تاریخ میں سیاست، سیاستدانوں سے زیادہ جرنیلوں، بیوروکریٹس، جاگیرداروں او ر سرمایہ داروں کے گٹھ جوڑ نے کی ہے، سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی ایک ہی نرسری میں پرورش ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 200 کے قریب لوگ ہیں جو ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں، تینوں جماعتوں نے پرویز مشرف کی پالیسیوں کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ ان کو آگے بڑھانے میں بھی ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتی رہیں، آج پی ٹی آئی کابینہ میں وہی وزیر مشیر ہیں جو پرویز مشرف کی کابینہ میں تھے، حقیقی احتساب ہوا تو حکومت کے وزیر مشیر سب اس کی زد میں آئیں گے اور اسمبلیوں میں صرف چند لوگ ہی بچیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مثبت چیز ہوجائےتوحکومت کریڈٹ لیتی ہے،منفی کو اداروں پر ڈال دیا جاتا ہے،اداروں کو متنازعہ بنانے کا کام ختم ہونا چاہیے، مہنگائی کی وجہ سے ووٹرز اور سپورٹرز دونوں پریشان ہیں۔