(حسن علی/علی اکبر)لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت گرگئی،برائلر کی رسد میں بہتری پر قیمت میں کمی واقع ہوئی۔سرکاری نرخنامے میں 10 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کمیٹی کا آج اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں برائلر کی رسدمیں بہتری کی وجہ سے مرغی کا گوشت سستا ہوگیا،رسد میں بہتری کے باعث بڑھتی ہوئی قیمت کم ہوگئی،زندہ مرغی 7 روپےکمی کے بعد 170 روپے فروخت ہونے لگی جبکہ مرغی کاگوشت 10 روپے کمی کے بعد 247 روپے فی کلو مقرر ہوگیا اور فارمی انڈے 161 روپے فی درجن پرمستحکم ہیں۔
شہر میں سبزیوں کی من مانی قیمت پر فروخت جاری رہی۔ سرکاری نرخنامے میں 10 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔سرکاری نرخ ناموں میں 10سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،پیاز کی سرکاری قیمت 60 مارکیٹ میں 90 روپےکلو میں فروخت،ٹماٹر 150، لہسن 350 روپے،ادرک 500، سبز مرچ 200 روپے،لیموں 140، آلو 90 روپے کلو میں فروخت ہورہے۔
بینگن 60، کھیرا فارمی 100 روپے،کریلے 130، میتھی 150 روپے،گوبھی 90، شلجم 100، شملہ مرچ 350 روپے،گھیاتوری 90، کدو 90 اور پھلیاں 140 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کمیٹی کا آج اجلاس طلب کر لیا،اجلاس میں اشیاء ضروریہ کے نرخوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا،وزیراعلی عثمان بزدار کو قیمتوں کی موجود صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی،صوبائی وزراء عبدالعلیم خان، راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، حسین جہانیاں گردیزی، سردار حسنین بہادر دریشک، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام کی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ کسی کو مصنوعی مہنگائی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،عوام کو ہر صورت مہنگائی مافیا سے نجات دلائیں گے،ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں گے۔