کورونا وائرس کا خطرہ، پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ

کورونا وائرس کا خطرہ، پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ) کورونا وائرس کا خطرہ، پنجاب حکومت نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی، تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف اقدامات کیلئے میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دی گئی۔ صوبے کے تین ہسپتال صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔کورونا کی شدت کو دیکھتے ہوئے سکول بند اور اجتماعات پر پابندی کے فیصلے کرینگے۔

  پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے اور حفاظتی اقدامات کیلئے حکومت نے بجٹ 26 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب کردیا۔ وزراء نے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی۔وائرس سے نمٹنے کے لئے بیرون ملک سے ضروری طبی آلات بھی فوری منگوانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں بھی بند کر دی گئیں۔

علاوہ ازیں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرنبیل احمد اعوان کا کہنا ہے کہ محکمہ ہیلتھ نے چھٹیوں کی بندش کے حوالے سے تمام ہسپتالوں کے ایم ایس کو مراسلہ ارسال کردیا ہے کہ تمام قسم کی چھٹیاں بند کر دی جائیں اور کسی بھی ڈاکٹر، نرس یا پیرا میڈیکس کو چھٹی نہ دی جائے۔

واضح رہے کہ پھیپھڑوں کے شدید عارضے میں مبتلا کرنے والا وائرس جو چین سے شروع ہوا  اب  پوری دنیا میں  پھیل رہا ہے،پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز  بھی سامنے آئے ہیں،  چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں، کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، طبی ماہرین نے شہریوں کو فیس ماسک استعمال کرنے اور ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنےکا مشورہ دیا۔

Sughra Afzal

Content Writer