(قیصر کھوکھر) پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کے دوران کرایے کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر مکان مالکان کو 2 مہینے تک کرایہ داروں کے لیے رعایت دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کے دوران کرایے کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر مکان مالکان کو 2 مہینے تک کرایہ داروں کے لیے رعایت دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری مومن آغا نے سیکشن144(6) کے تحت عوامی تحفظ کے لیے احکامات صادرکردیئے ہیں۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی بھی مالک مکان کسی کرایے دار کو کرایے کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر جبری بے دخل نہیں کرے گا، جو کرایے کی عدم ادائیگی یا تاخیر کے حوالے سے غیر قانونی یا قانونی عمل کے برخلاف ہوگا, پنجاب حکومت کے اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک اور لوگوں کی صحت کیلئے انتہائی خطرے کی بات ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں اور دفعہ 144 میں توسیع کے لیے کافی وجوہات ہیں, ایڈیشل چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ حکم نامہ پنجاب میں 2 ماہ تک نافذ رہے گا جب تک اس میں ردوبدل نہیں کیا جاتا,کوئی بھی مکان مالک لاک ڈاؤن کے دوران کرایہ دار کو مجبور نہیں کرسکتا ہے کہ وہ اس کا مکان خالی کرے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد فوری طور پر ہوگا اور اس حکمنامے کا اطلاق آئندہ 60 روز تک جاری رہے گا۔