ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو مفت سولر پمپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کو مانگنے کا طریقہ آتا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو فنڈز کے درست استعمال کی یقینی دہانی کیوں کروا رہے تھے؟۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں اور ارکان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قبضہ مافیا کے سدباب کے لئے پٹرولنگ پوسٹ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں سُکھ ہی سُکھ ہیں، دکھ کوئی نہیں ہوگا، ہر روز سوچتا ہوں کہ آج مخلوق خدا کی خدمت کے لئے کونسا اچھا کام کروں، عوام کی بھلائی کے کاموں میں پنجاب حکومت سب سے آگے ہوگی، سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں شفافیت یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بازو سے پکڑ کر بار بار فنڈز کے صحیح استعمال کا یقین کیوں دلا رہے تھے، شہباز شریف کو مانگنے کا طریقہ آتا ہے، جس احسن طریقے سے مانگ سکتے ہیں اس طرح کوئی اور نہیں کرسکتا، وزیراعظم اور مفتاح اسماعیل سے کیا توقع ہوسکتی ہے، ہم سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویل دے رہے ہیں، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید بھی میرے کہنے پر سیلاب متاثرین کو سولر پمپس کی فراہمی میں معاونت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاسیلاب کے دوران جاں بحق ا فراد کے لواحقین کو امداد بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی ہے، سیلاب میں پختہ گھر تباہ ہونے پر 4 لاکھ اور کچا گھر گرنے پر 2 لاکھ روپے مالی امداد دیں گے، سیلاب میں بہہ جانے والے جانوروں کے مالکان کو 75 ہزار روپے دیں گے، سیلاب زدگان کے لئے ٹیلی تھون میں اڑھائی ارب روپے سے زائد جمع کئے گئے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بڑے شہرو ں میں پریس کلب کی عمارتیں بھی بنائیں گے، صحافیوں، کیمرہ مینوں، فوٹو گرافروں، ساؤنڈ لائٹ والوں کی فلاح و بہبود کے کام کرنا چاہتے ہیں، آئی جی کو پیغام دے دیا ہے کہ جرنلسٹ کالونی کے پلاٹوں پر قبضہ برداشت نہیں، جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیوریج سسٹم بہتر کرنے کے لئے معاونت کریں گے، ریسکیو 1122کو بہترین کر دیا ہے، ایمرجنسی میں ادویات بھی دیں گے، ایف بلاک کے الاٹیز کو قبضہ دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے انتقال کرنے والے صحافیوں کے ا ہل خانہ کو ایف بلاک کے لیٹر دئیے، لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک بھی دیا، فوٹو جرنلسٹ ایسوی ایشن کی سالانہ گرانٹ بڑھا کر 10لاکھ روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔