( سعدیہ خان ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی لاہور میں مرحوم جہانگیر بدر کی برسی پر ان کے گھر آمد، اہلخانہ سے ملاقات کی، بلال بھٹو کہتے ہیں اپوزیشن متحد ہے سب مل کر حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے محفل میلاد میں شرکت پر شان رسالت میں سلام بھی پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم جہانگیر بدر کی سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک پر کڑا وقت ہے، حکومت نے ملک کو مسائل کی نذر کر دیا ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہم سڑکوں پر ہیں، جب وسطی پنجاب میں آئیں گے تو ہمارا جھنڈا ہر جگہ لہرائے گا۔ پارٹی کارکن متحد رہیں اور رابطہ عوام مہم کہ تیاری کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن متحد ہے، سب مل کر حکومت کو گھر بھیجیں گے۔