(علی اکبر)مہلک وبائی مرض کورونا وائرس کی شدت میں کمی کے بعد شہریوں پر ایک اور خطرہ منڈلانے لگا،پولیو اور ڈینگی وائرس نےشہریوں کو نشانہ بنالیا،مزید نئے کیسز سامنے آ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ویکسی نیشن اور سرویلنس مہم کے آڈٹ اور خود سے نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ز کو ویکسی نیشن اقدامات اور آپریشنز کی نگرانی موثر بنانے کی ہدایت کی، کہا اب '' سب اچھا ہے سے کام نہیں چلے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی کے لیے صوبہ بھر میں موثر مہم چلانے کا حکم دے دیا۔اس حوالے سےوزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نےانسداد ڈینگی و انسداد پولیو کےلیےکیےجانے والے اقدامات پر بریفنگ دی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےپولیوکیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہارکیا۔
انکا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی اورانسداد پولیو کےلیےمحکمہ صحت کےساتھ انتظامیہ کو بھی متحرک ہوناہوگا،کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی اورانسداد پولیو کےاقدامات کی خود نگرانی کریں،انسداد ڈینگی کے لیےان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پرخصوصی توجہ دی جائے،،پنجاب حکومت نےڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنزکی روشنی میں انسداد ڈینگی و انسداد پولیو کےایس او پیز تیار کیےہیں،ان ایس او پیز پرعملدرآمد اورباقاعدہ مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ انسداد ڈینگی و پولیو کےحوالے سے بہترین کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کےافسروں اورعملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کےہراقدام کا آڈٹ ہو گا، اجلاس میں صوبائی وزراء مراد راس، یاسر ہمایوں،پیرسید سعید الحسن شاہ،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،کمشنرلاہور ڈویژن،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ماہرین نے شرکت کی،جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کےذریعےاجلاس میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب میں پولیو کے مزید 2کیس سامنے آ ئے تھے، پولیو کیس ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں رپورٹ ہوئے، ڈیرہ غازی خان میں پولیو سے متاثرہ بچے کی عمر آٹھ ماہ جبکہ بہاولپور میں پولیو سے متاثر بچے کی عمر 13سال ہے،نئے کیسز کے بعد پنجاب میں رواں سال پولیو کے شکار بچوں کی تعداد 8ہوگئی ہے۔غازی خان میں متاثرہ بچے کے دونوں ہاتھ اور پاؤں متاثر ہوئے تھے جو کہ وفات پا چکاتھا۔