(ملک اشرف) ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کرنے اور شوگر ملوں کے فرانزک آڈٹ کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائرکردی گئی۔
درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ قیمتوں میں غیرقانونی اضافے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کے لیے چینی ذخیرہ کرلی گئی ہے، شوگر مافیا چینی کی ایکسپورٹ کے ذریعے ملک میں بحران پیدا کرنا چاہتا ہے، عدالتی حکم کے باوجود شوگرملوں نے اپنے سٹاک کی تفصیلات عدالت میں پیش نہیں کیں، پنجاب حکومت نےشوگر مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، آئین کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت شوگرملوں کے فرانزک آڈٹ کا حکم دے، مزید استدعا کی گئی کہ عدالت حکومت کو مہنگی چینی فروخت کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دے۔