(اسرار خان)رائیونڈ سٹی میں زمین کا تنازعہ نوجوان کی جان لے گیا، فائرنگ کی زد میں آکر مقتول کا باپ بھی زخمی ہو ا ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چک بوٹا لدھیکی میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازع پر ملزم عرفان، عمران، شعیب اکرم اور شاہ زمان نے فائرنگ کر کے 22 سالہ شاہ زیب کو قتل،اس کے والد معشوق کو شدید زخمی کر دیا، ملزمان واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
مزید پڑھئے: 250 روپے کے تنازع پر خاتون قتل
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ معاشرے میں ایسے افسوسناک واقعات رونماں ہورہے ہیں کہ دیکھنے اور سننے والے افسردہ اور ملزمان کو فوری سزا دلانے کا مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں، معاشرے کی عمارت برداشت، رواداری، اخلاقیات، اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے۔
یہی گمبھیر صورت حال ہمارے معاشرے کو بھی درپیش ہے جہاں عدم برداشت کا رجحان اس سُرعت سے فروغ پارہا ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں۔عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، یوں دکھائی دیتا ہےجیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔
معاشرے کے بگڑتے ہوئے حالات کے بارے ماہرین نفسیات نے اپنے رائے دیتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت کسی بھی جرم کی سب سے بنیادی وجہ ہے، اگر صرف برداشت کی صلاحیت کو مضبوط کر لیا جائے تو کسی بھی معاشرے سے 90فیصد جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات حقیقت کے بالکل قریب ہے کیونکہ ہر جرم کی داستان کے پیچھے عدم برداشت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔