(اکمل سومرو) فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن نےسرکاری یونیورسٹیوں کو بند کرنے کی دھمکی دے دی، فپوآسا کے صدر کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے غیر قانونی طور پر چانسلر کے اختیارات استعمال کر کے جامعات میں سلیکشن بورڈز پر پابندی لگائی۔
یونیورسٹیز میں اساتذہ کی بھرتی پر پابندی کا نوٹیفکیشن فپوآسا نے مسترد کر دیا، ڈاکٹر سہیل یوسف کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے گورنر کے اختیارات کا غیر قانونی طور پر استعمال کیا، جامعات کے وائس چانسلرز کو اساتذہ و ملازمین کی بھرتیوں سے روکنے کے حکم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، محکمہ ہائیر ایجوکیشن جامعات کی خود مختاری میں مداخلت کر رہا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور سمیت صوبے کی گیارہ سرکاری جامعات میں اساتذہ و ملازمین کی بھرتیوں کے سلیکشن بورڈز منسوخ کردیئے گئے،محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے بھرتیوں پر پاپندی کے نوٹیفکیشن کے بعد سلیکشن بورڈز منسوخ کیے گئے، لاہور کالج میں قائم مقام وائس چانسلر کے باعث سلیکشن بورڈز منسوخ کیا گیا جبکہ ایجوکیشن یونیورسٹی اور جی سی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں دو مہینے باقی ہیں۔