(سٹی 42) سال کے اختتام کے قریب وفاقی حکومت کی بینکوں سے قرض لینے کی رفتار تیز ہو گئی، ایک ہفتے میں اخراجات پورے کرنے کے لیے کمرشل بینکوں سے 208 ارب روپے قرض لیا، مالی سال کے دوران اب تک کمرشل بینکوں سے لیا گیا قرض ایک ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق وفاقی حکومت نے دسمبر کے تیسرے ہفتے کے دوران بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 207 ارب 93 کروڑ روپے کے نئے قرضے لیے۔ آئی ایم ایف کے تحفظات کے باعث مالی سال کے دوران حکومت نے مرکزی بینک سے نیا قرض لینے کی بجائے پرانے قرضوں کی واپسی جاری رکھی۔
ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے نئے قرض میں سے حکومت نے 62 ارب 21 کروڑ 70 لاکھ روپے مرکزی بینک کا قرض واپس کیا جبکہ 145 ارب 71 کروڑ روپے سے دوسرے اخراجات پورے کیے گئے، حکومت کی آمدنی اخراجات سے کم ہونے کی وجہ سے رواں مالی سال اب تک حکومت کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 999 ارب 84 کروڑ 20 لاکھ روپے قرض لے چکی ہے، اس میں سے 701 ارب 15 کروڑ 40 لاکھ روپے مرکزی بینک کا قرض چکایا گیا، باقی رقم سے دوسرے روزمرہ کے اخراجات پورے کیے گئے۔