(زاہد چوہدری)کورونا کے وار جاری ،مہلک کورونا وائرس مزید کئی زندگیاں نگل گیا ،مزیدنئے مریض سامنے آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا نے انسانی زندگیاں نگلنا بند نہ کیں ،کورونا کے وار جاری ہیں ،مہلک کورونا وائرس مزید18 مریضوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر گیا۔لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 1085 نئے مریض سامنے آ گئے۔سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1237 مریض داخل ہیں۔ہسپتالوں میں کورونا کے 810 کنفرم اور 427 مشتبہ مریض داخل ہیں۔کورونا وائرس کے 265 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
ملکی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالی جائے تو موذی کوروناوائرس کے باعث ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 131 افراد جان کی جاں بحق ہو ئے ہیں جبکہ 5 ہزار 112 افرا متاثر ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کورونا کے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا ہےکہ ملک بھرمیں کوروناسےجاں بحق افرادکی تعداد 17 ہزار 811 ہوگئی ہےجبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 823 تک پہنچ چکی ہے۔این سی او سی کے اعداد و شمار کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران49 ہزار99 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.41 فیصد رہی ہے۔
واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن مراکز قائم کئے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ویکسینیشن کے لئے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کئے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔