ویب ڈیسک:سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کے حکم پر شہر بھر میں سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او کے حکم پر کیے جانے والےسرچ آپریشنز میں پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا، یہ سرچ آپریشن شاہدرہ، شفیق آباد، لاری اڈہ، بادامی باغ، بند روڈ سے ملحقہ آبادیوں میں کئے گئے۔ اس کے علاوہ چوہنگ، لیاقت آباد، کاہنہ، نولکھا، سندر، داتا دربار کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشنز کئے گئے۔
سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی، اس کے علاوہ شناختی اور کرایہ داری کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔سرچ آپریشنز میں ہاسٹلوں، ہوٹلوں، فیکٹریوں، گوداموں اور بس اڈوں کی خصوصی چیکنگ کی گئی۔
واضح رہے کہ باٹا پور، ہڈیارہ، ہربنس پورہ، کوٹ لکھپت، شیراکوٹ میں بھی سرچ آپریشنز کئے گئے۔
سرچ آپریشنز کے حوالے سےسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کئے گئے ہیں۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔