(قذافی بٹ) خواجہ سراؤں نے ٹرانس جینڈر بل پاس ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سرکاری نوکریوں میں کوٹہ مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
قومی اسمبلی میں ٹرانس جینڈر بل پاس ہونے پر خواجہ سرا خوب بناؤ سنگھار کر کے بگھیوں میں سوار ہوکر پریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے بل پاس ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا اور خوب ہلہ گلہ کیا۔
پریس کلب میں دی ساتھی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کا کہنا تھاکہ شناخت ملنے پر وہ بہت خوش ہیں، بل پاس کرنے پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکی جدوجہد رنگ لے کر آئی ہے۔ پاکستان میں پہلی بار خواجہ سراؤں کو حقوق ملے ہیں۔خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ وہ تمام شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ بل پر عملدرآمدحکومت کی ذمہ داری ہے۔