(شاہین عتیق ): لاہور کی چار انسداد دہشت گردی عدالتوں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، یکم جنوری 2017 سے 23 دسمبر تک 10 ملزمان کو سزائے موت، 9 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
کارکردگی رپورٹ کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی کی چار عدالتوں میں سال 2017 میں دس ملزمان کو سزائے موت اور نو ملزمان کو عمر قید کی سزا دی۔ مختلف کیسوں میں دس ملزمان کو دس سال تک سزا دی۔ پانچ سال سےتین سال تک کے بیس ملزمان کو سزائیں دی گئیں۔ کورٹ نمبر ایک میں چھ کیس، کورٹ نمبر دو میں تیرہ اور کورٹ نمبر چار میں پندرہ کیسوں کے فیصلے کیے گئے۔ سال 2017 میں 23 دسمبر تک 78کیس زیرسماعت تھے ۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دوہزار سترہ میں جو اہم کیس چل رہے تھے ان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، یوحنا آباد دو افراد کا قتل کیس، توڑ پھوڑ کیس شامل ہیں۔ چاروں عدالتوں میں ایک درجن دہشت گردوں کو ریمانڈ کے لئے پیش کیا گیا۔
پنجاب کی کل پندرہ انسداد دہشت گردی عدالتوں سے سال 2017 میں 20 ملزمان کو سزائے موت، 37 کو عمر قید کی سزا دی گئی۔