(علی رامے) سرکاری افسران کی تنخواہیں پھر سے بڑھانے کا فیصلہ، صوبائی کابینہ کمیٹی نے مختلف پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنے والے افسران کے لیے نیا الاؤنس بھی منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری افسران کو پھر سے نوازنے کا فیصلہ کرلیا، سابق دور حکومت میں ختم ہونے والے انسینٹو الاؤنس کو موجودہ حکومت پھر سے شروع کرنے جارہی ہے، صوبائی کابینہ کمیٹی نے افسران کے لئے انسینٹو الاؤنس کی منظوری دیدی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انسینٹو الاؤنس ،کمپنی ، پراجیکٹ ، اتھارٹیز ، پالیسی سیلز اور پالیسی یونٹ میں کام کرنے والے افسران کو ملے گا۔ ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے افسران یہ انسینٹو الاؤنس نہیں لے سکیں گے۔کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے انسینٹو الاؤنس دینے کے لیے مزید کارروائی کے لئے معاملہ محکمہ خزانہ کے سپرد کر دیا۔
دوسری جانب بزدار سرکار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا، سیکرٹریٹ کے774 افسران و ملازمین کو سالانہ 27 کروڑ روپے کا اضافی الاؤنس ملے گا۔ جس کے لیے سالانہ 27 سے 30 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے، وہ افسران جو پہلے سے سو فیصد ایگزیکٹو الاؤنس لے رہے ہیں انہیں 75 فیصد اور جو یہ الاؤنس پہلے سے نہیں وصول کر رہے انہیں 100 فیصد الاؤنس دیا جائے گا۔
واضح رہےکہ31 دسمبر 2019 کو بزدار سرکار نے پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنے والے افسران کی تنخواہوں میں انسینٹو الاؤنس کی مد میں سو فیصد تک کا اضافہ کیا تھا، گریڈ 1تا4کے ملازمین کی تنخواہ میں 20ہزار، گریڈ 5تا10کے ملازمین کی تنخواہ میں 30ہزار، گریڈ 11تا15 پر کام کرنے والے ملازم کی تنخواہ میں 40ہزار اضافہ کیا گیا تھا۔