(شاہد ندیم سپرا) شہرمیں وفاقی وصوبائی محکمے بلوں کی مد میں لیسکو کے 4 ارب 39 کروڑ روپے کے نادہندہ نکلے، لیسکو نےدو روز میں عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرنے کےاحکامات جاری کردیئے۔
لیسکو دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر 88 اداروں کے کنکشن منقطع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں پنجاب حکومت کے 2 ارب 59 کروڑ جبکہ وفاقی ادارے ایک ارب 79 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں، لیسکو نے دو روز میں بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام متعلقہ افسران کو ریکوری کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، دستاویزات کے مطابق واسا ایک ارب 21 کروڑ روپے، محکمہ آبپاشی پنجاب 33 کروڑ روپے، محکمہ صحت 15 کروڑ، پنجاب پولیس کے ذمہ 14 کروڑ روپے، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی 7 کروڑ، پنجاب جیل کی طرف 6 کروڑ روپے، پنجاب یونیورسٹی 3 کروڑ جبکہ پی ایچ اے لاہور کی جانب 2 کروڑ 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
اسی طرح ایل ڈی اے 2 کروڑ 40 لاکھ، پنجاب ہیلتھ ویلفیئرڈیپارٹمنٹ 2 کروڑ 30 لاکھ روپے، پنجاب انفارمیشن بورڈ 2 کروڑ، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ ایک کروڑ 37 لاکھ اور محکمہ اوقاف پنجاب ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔
دوسری جانب وفاقی اداروں میں این ایچ اے 4 کروڑ، سول ایوی ایشن 6 کروڑ 86 لاکھ ،محکمہ ریلوے 3 کروڑ روپے اور محکمہ آثار قدیمہ ایک کروڑ روپے کا نادہندہ ہے، تمام محکموں کی جانب سے ماہانہ اقساط کی صورت میں ادائیگی کی جا رہی تھی، تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بلوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوگئی۔