لوئر مال (قیصر کھوکھر) ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد نے11 روزہ ایکس پاکستان رخصت کی درخواست کی ہے۔
وفاقی حکومت نے ایس ایس پی آصف امین اعوان کی خدمات پنجاب میں جاری رکھنے کی درخواست مسترد کر دی ہے جبکہ وزارت داخلہ نے ایس ایس پی ڈاکٹر میاں سعید احمد کی خدمات مانگ لی ہیں۔ وہ اس وقت ایف آئی اے میں تعینات ہیں اور وزارت داخلہ انہیں ایف سی میں تعینات کرنے کا پروگرام رکھتی ہے۔
آئی جی پولیس نے ایس پی معاذ ظفر کے خلاف مزید ایک انکوائری شروع کرنے کا مراسلہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ارسال کیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ عالم مارکیٹ میں قبضہ کروانے کے الزام پرایس پی سٹی معاذ ظفر کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ میں ایک پلازے کے لین دین پر شاہد بلال کا تنازعہ مالکان کے ساتھ چل رہا ہے جس کیلئے شاہد بلال نے عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کر رکھا تھا لیکن ایس پی سٹی معاذ ظفر نے پولیس کی بھاری نفری بھیج کر دکانوں کے تالے تڑوا کر قبضہ دلوا دیا ۔
اسکے بعد 28 دسمبر 2019 کو ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت نے ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیرکو معاملہ دیکھنے کیلئے فون کیا ، جس پر ایس پی معاذ ظفر کیخلاف انکوائری شروع کر دی گئی۔