لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے جی ایم آپریشنز عہدے سے مستعفیٰ

Lahore Waste Management
کیپشن: Sohail Anwar Malik
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

در نایاب: شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال، مشینری کی کمی اور آئندہ صفائی کا مستقل کنٹریکٹ نہ ہونا درد سر بن گیا، دس سال سے کمپنی کے آپریشنل معاملات چلانے والے جی ایم آپریشنز سہیل انور ملک نے استعفی دے دیا۔

ذرائع کے مطابق سہیل انور ملک کا دو روز قبل باقاعدہ کمپنی میں اختلاف ہوا۔ سہیل انور ملک اور ڈپٹی سی ای او محمد طارق میں بھی اچھے تعلقات نہ تھے۔ سہیل انور ملک دس سال سے کمپنی میں تھے جبکہ جی ایم کی باقاعدہ پوسٹ پر حال ہی میں کنفرم ہوئے تھے۔ ترک کمپنیوں کے جانے کے بعد سہیل انور ملک مسلسل دباؤ کا شکار تھے۔ شہر میں کم وسائل اور میسر مشینری کے ساتھ صفائی کا کام نہ ہونا استعفے کی بنیادی وجہ بنی ہے۔

سہیل بطور جی ایم ایک باس کی بجائے تین افسران کی ماتحتی کرنے سے بھی نالاں تھے۔ سہیل انور ملک کے بعد کمپنی جی ایم آپریشنز سے محروم ہوگئی ہے۔ جی ایم پی اینڈ پی کامران ناصر کو آپریشنز کا آفیشیٹنگ چارج سونپ دیا گیا ہے۔ سہیل انور ملک کا کہنا ہے کہ سیکرٹری، سی ای او اور بورڈ ممبران کو مطمئن کرنا ممکن نہ تھا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ وسائل کے ساتھ کمپنی کو رزلٹ دینے میں ناکامی کی وجہ سے سیٹ پر رہنا مناسب نہ سمجھا۔

دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جی ایم آپریشنز  کیلئے خواہشمند پروفیشنلز سے درخواستیں طلب کرلیں۔ایل ڈبلیو ایم سی نے جی ایم آپریشنز کے لئے بارہ سالہ متعلقہ تجربہ لازم جبکہ عمر کی حد 55 سال مقرر کی ہے۔ امیدوار کا انجنئیرنگ، آپریشنل مینجمنٹ کے تجربہ کا حامل اور تعلیمی قابلیت کا ہونا لازم ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 15 مئی تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔کمپنی کی جانب سے جی ایم آپیشنز کا پیکج سوا تین سے چار لاکھ تک ایم تھری مقرر کیا گیا ہے۔