(راؤ دلشاد، روزینہ علی) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف جاتی امرا سے اسلام آباد روانہ، آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ کل العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت کرے گا، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز بھی قائد نواز شریف کے ہمراہ روانہ ہوئیں۔
مری میں قیام اور ملاقاتیں
پارٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد نواز شریف کا دوبارہ مری میں قیام کا امکان ہے، نواز شریف اور مریم نواز مری میں 3 سے 4 روز تک قیام کریں گے، مری میں قیام کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خیبرپختونخوا کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی ہوں گیں، اسلام آباد اور مری میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی اتحادی جماعت کے رہنماؤں کے ملاقاتیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بھی اسلام آباد کے لئے روانگی متوقع ہے، پارٹی قائد نواز شریف مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے، نواز شریف اسی ہفتے کے دوران پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اعلان پر حتمی مشاورت کریں گے۔
سماعت کیلئے بنچ اور عدالت میں داخلے کا شیڈول
اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بنچ سماعت کرے گا، نواز شریف کی جانب سے وکیل امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ دلائل دیں گے۔
گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس
گزشتہ سماعت پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف کیخلاف العزیزیہ کیس میں کبھی میرٹ پردلائل نہیں سنے گئے، ضرورت پڑی تو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرلیں گے۔
العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزائیں
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر 2018 میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نواز شریف نے 2018 میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جولائی 2018 میں نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ اور 10 سال سزا سنائی تھی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی ایون فیلڈ ریفرنس میں شریک ملزم مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کو بری کر چکی ہے۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کا سرکلر
نواز شریف کی پیشی کے پیش نظر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور ضلع انتظامیہ سیکیورٹی انتظامات کریں، کورٹ روم نمبر 1 میں وکلااور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ملازمین، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوں گے، نواز شریف کے ساتھ 15 وکلاکو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی، اٹارنی جنرل ،ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاکمرہ عدالت جاسکیں گے۔