سفید اور کالے کوٹ کی جنگ، وکلاء نے پولیس کو ڈیڈ لائن دیدی

سفید اور کالے کوٹ کی جنگ، وکلاء نے پولیس کو ڈیڈ لائن دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہین عتیق)پی آئی سی میں ڈاکٹرز،وکلا کے مابین جھگڑے کامعاملہ سنگین ہوگیا،  لاہور بار کے وکلاء نے پولیس کو پی آئی سی کے ڈاکٹروں کے نام دیتے ہوئے شام تک گرفتار کرنے کی ڈیڈلائن دیدی، شام تک گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو وکلاء کل خود پی آئی سی جا کر گرفتاریاں کرائیں گے۔

وکلا اور ڈاکٹروں کے درمیان جھگڑا مزید طول پکڑتا جا رہا ہے، لاہور بار کے وکلاء کا مطالبہ تھا کہ وکلاء پر تشدد کرنیوالے ڈاکٹر اور عملے کو گرفتار کیا جائے اورایم ایس پی آئی سی اور ڈی ایم ایس کو معطل کیا جائے۔

عاصم چیمہ کی صدارت میں آج ایوان عدل میں وکلاء کا اجلاس ہوا، جس میں بار کے صدر نے وکلاء کو اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، اس پر وکلاء نے پی آئی سی جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔

لاہور بار کے صدر عاصم چیمہ نے کہا کہ میں آپ کا نمائندہ ہوں ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا، جس سے واپسی کا راستہ بند ہو جائے، آپ کے جذبات میرے جذبات ہیں، لیکن وکلاء پی آئی سی چلنے کا مطالبہ کرتے رہے۔

اجلاس میں بار کے صدر نے مشکل سے وکلاء کے جذبات پر قابو پایا اور ان کو قائل کیا کہ ہم شام تک کی مہلت دیتے ہیں نام پہنچا دیئے ہیں، اگر گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو ہم خود پی آئی سی جا کرسب کو گرفتارکرائیں گے۔اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔

دوسری جانب پی آئی سی میں تیسرے روزبھی ہڑتال جاری ہے، اوپی ڈیز میں سناٹے چھائے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے مریضوں کو بغیر علاج کے ہی واپس لوٹنا پڑ رہا ہے، گرینڈ ہیلتھ الائنس  نے  پی آئی سی عملے کیخلاف دہشتگردی کا جھوٹا مقدمہ ختم کرنے اور  شرپسندوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

Sughra Afzal

Content Writer