پنجاب میں آج سے مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، سیلاب کا الرٹ جاری

Weather Situation
سورس: Twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ہوشیار، پنجاب بھر میں بادل آج سے پھر رنگ جمائیں گے۔ 31 تاریخ تک مون سون کا نیا سلسلہ جاری رہے گا۔ پنجاب کے بعض علاقوں میں سیلاب کا بھی خطرہ بھی منڈلانے لگا۔

پنجاب میں آج سے ایک بار پھر بادل برسیں گے۔ صوبہ بھر میں داخل ہونے والا بارشوں کا نیا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی حکام کے مطابق بالائی پنجاب سے جنوبی پنجاب تک کے علاقوں میں بادل خوب برسیں گی۔

راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات ،گجرانوالہ ، لاہور میں  تیزبارشیں ہوں گی ایسے ہی جنوبی پنجاب میں بہاولپور رحیم یار خان میں بارشوں کی امید ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 27 جولائی سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔27 سے31 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

27 سے31 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں۔

بارشوں کے ساتھ ساتھ دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ضلع ڈی جی خان میں بھی سیلابی ریلے تباہ کاری پھیلا سکتے ہیں، حکام  نے الرٹ جاری کر دیے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ شہریوں کو بھی احتیاط کرنے کی ہدایات جاری  کر دی گئی ہیں۔

شہری گھروں کی چھتوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں،گاڑیاں نشیبی علاقوں میں ہرگز کھڑی نہ کی جائیں۔ بچوں کو برقی آلات سے دور رکھیں، دریاوں اور نہروں میں نہانے سے پرہیز کریں۔