ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے رابطہ کیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رابطہ کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کی جانب سے باضابطہ ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی، سپیکر سے رابطہ پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کیا۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وفد سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنا چاہتا ہے، پی ٹی آئی نے اجتماعی استعفوں کی جگہ اپنا نمائندہ وفد سپیکر کے سامنے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیں، استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین اور قومی اسمبلی کے ضوابط میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے تمام ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے خطوط ارسال کر دیے ہیں، استعفوں کے حوالے سے فیصلہ آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔