( سعود بٹ ) کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں نیب کی کارکردگی میں گزشتہ سالوں کی نسبت واضح بہتری، سال 2019 نیب کیلئے کیسا رہا؟
نیب لاہور نے سال 2019 میں کرپشن و بدعنوانی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث 138 ملزمان گرفتار کئے۔ نیب کارکردگی رپورٹ کے مطابق 19 سال کا ریکارڈ توڑتے ہوئے مجموعی طور پر ایک سال کے دوران 29 ارب 93 کروڑ کی ریکوری کی گئی جبکہ رواں سال کے دوران 100 نئی انکوائریوں کا آغاز کیا گیا۔
رواں سال نئی شروع ہونیوالی انویسٹی گیشنز کی تعداد 36 رہی جبکہ 2019 میں مجموعی طور پر 55 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیئے گئے۔ نیب لاہور نے کرپشن کے کیسز میں تحقیقات مکمل کرتے ہوئے 25 کرپشن کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں داخل کئے نیب لاہور کیجانب سے پلی بارگین کے 30 ریفرنس احتساب عدالتوں میں داخل کئے گئے۔ 2019 کے دوران کم وبیش 3 ارب روپے کیش کی صورت میں متاثرین کو واپس لوٹائے۔
نیب کارکردگی کے مطابق 27 ارب سے زائد مالیت کے مکانات و پلاٹ بھی متاثرین کے حوالے کئے گئے۔ ماضی میں نیب لاہور کو اوسط سالانہ 4 ہزار شکایات موصول ہوتی رہیں تاہم 2019 کے دوران نیب لاہور کو 13 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔
ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ نیب ' احتساب سب کیلئے' کی پالیسی پر سختی گامزن ہے۔ بے لاگ احتساب کیلئے چیئرمین نیب کی اختیار کردہ پالیسی کے واضع اور مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جبکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور کرپشن فری ماحول کا قیام نیب کی اولین ترجیح ہے۔